امیر جماعت اسلامی کراچی کا انتخابات میں ایم کیو ایم پر دھاندلی کا الزام

Published On 08 February,2024 08:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم پر دھاندلی کا الزام لگا دیا۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک پرعام انتخابات ہوئے ہیں، آخر تک کنفیوژ رہے، ان انتخابات میں بھی پی ٹی اے اور وزارت داخلہ نے نیٹ اور موبائل بند کر دیئے، موبائل سروس بند ہونے کی وجہ سے پولنگ کاعمل مفلوج ہوکر رہ گیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ایک سال سے تیاریاں ہورہی تھیں، کراچی میں کئی پولنگ سٹیشن ایسے ہیں جہاں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی تھی، ایم کیو ایم نے بعض جگہ باہر سے جاکر پولنگ سٹیشن پر بیلٹ پیپر ڈالنے کی کوشش کی اور پکڑے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے شہر میں ہنگامہ کیا اور نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، کراچی میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا، شہر میں دوسرے نمبر پر پی ٹی آئی اور آزاد امیدوار تھے، افسوس کی بات ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی کردارادا نہیں کیا۔