آصف زرداری سب کو مناکر بلاول کووزیراعظم بنوائیں گے : مرتضیٰ وہاب

Published On 08 February,2024 03:31 pm

کراچی : (دنیانیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری جادو کی جھپی دے کر سب کو منائیں گے اور بلاول وزیر اعظم بنیں گے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گزری پولنگ اسٹیشن پراپنا ووٹ کاسٹ کیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھٹی کے روز لوگ ابھی اُٹھ کر آرہے ہیں، نیٹ ورک نہ ہونے سے رابطے نہیں ہو رہے، بارشوں کے فورا بعد بلاول نے کراچی کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان بھر میں انتخابی مہم  ہوئی، سندھ اور بلوچستان میں وزیراعظم کے دعویدار نے جلسہ نہیں کیا ، پیپلزپارٹی نے ہر صوبے میں جلسے کیے۔

انہوں نے کہا کہ 2018والا ٹرن آؤٹ نظر نہیں آرہا ، گزری، شیریں جناح کالونی میں لوگ نکل رہے ہیں، آج کا دن موقع دیتا ہے لوگوں کو وہ مثبت راہ کا تعین کریں، کراچی کی  22قومی اسمبلی کی نشستوں پر 40 جیت جائیں ، کراچی میں پتنگ اور ترازو کا رجحان نظر نہیں آرہا ۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان کے مسائل حل کر سکتے ہیں، کراچی والے نکلیں اور مثبت سوچ کا انتخاب کریں، پاکستان پیپلز پارٹی جیت کے بعد پانچ سال وعدے پورے کرے گی، آصف علی زرداری لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا جانتے ہیں۔ 

ان کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے  2022میں سب کو اکٹھا کر کے شہباز شریف کو وزیر اعظم بنوایا تھا، آصف علی زرداری جادو کی جھپی دے کر سب کو منائیں گے اور بلاول وزیر اعظم بنیں گے،  پتنگ کٹ جاتی ہے، شیر بیمار ہوجاتا ہے، ترازو جھک جاتا ہے لیکن تیر ہمیشہ آگے جاتا ہے۔