گجرات: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر یہ پہلے کی طرح متنازعہ الیکشن ہوا تو یہ استحکام کے بجائے ابتری کی جانب جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ الیکشن پاکستان کے سابق الیکشنز سے مختلف ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے، ہمیں پھر بھی الیکشن کمیشن سے توقع کرنی چاہئے کہ ہم بہتر الیکشن کی طرف جائیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ میاں صاحب جس دن سے لندن سے چلے تب سے سارا میڈیا کہہ رہا ہے کہ انہیں نوازا جا رہا ہے، ہم ایک سیاسی جماعت ہیں اگر ہمارا راستہ روک کر کسی اور کو فائدہ دیا جاتا ہے تو احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو بھی سابقہ روایات سے سیکھنا ہو گا، اس وقت عوام کی تائید کردہ حکومت بننی چاہئے، پارلیمانی نظام میں اتحادی حکومتیں بنتی رہتی ہیں، جب ہم ن لیگ کے اتحادی تھے تب ہم نے کہا تھا کہ الیکشن میں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ لوگوں کی رائے کو چھیننے کا حق کسی کو نہیں، پیپلز پارٹی کے حالیہ الیکشن میں دو ٹارگٹ ہیں، پیپلز پارٹی ملک گیر جماعت ہے لیکن سابق الیکشنز میں ہمارے لوگ توڑے گئے، 2018ء کے الیکشنز میں ہمارے بہت سے لوگ توڑ کر پی ٹی آئی کو دیے گئے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب کے لیے کوشش کی ضرورت ہے، ہم وہ جماعت ہیں جو پہلے دن سے شور کر رہے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ہے، ہمیں کبھی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی بلکہ دوسروں کو فیور پلیئنگ فیلڈ ملی ہے۔