پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ، لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو ہراساں کرنے سے روک دیا

Published On 07 February,2024 07:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس چھاپے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کی، درخواست پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں پولیس چھاپے، ہراساں کرنے اور ووٹرز لسٹیں لے جانے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او گجرات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار این اے 64 سے الیکشن لڑ رہی ہیں، مخالف امیدوار کو جتوانے کیلئے پولیس اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ڈی پی او گجرات اسد مظفر نے بھاری نفری کے ساتھ گھر پر چھاپہ مارا، گھر میں توڑ پھوڑ کی اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولیس والے پولنگ ایجنٹس کی لسٹیں اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان اٹھا کر لے گئے، پولیس مجھے اور میرے شوہر کو الیکشن لڑنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈی پی او گجرات سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، عدالت نے پولیس کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔