کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
صوبے میں بدامنی کے بڑھتے واقعات پر نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھا ہے۔
خط میں جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ سندھ کے بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، صوبے کے سنگین جرائم میں اضافہ خوش آئند نہیں ہے، بگڑتی صورتحال کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارے بدستور خاموش کیوں ہیں؟
انہوں نے مزید لکھا کہ کراچی میں سٹریٹ کرائم جیسی واردات روزانہ بڑھتی جا رہی ہیں، انتخابی امیدواروں پر حملہ اور دن دیہاڑے اغوا کے واقعات کی بھی رپورٹس ہیں، صحافیوں، وکلا، ڈاکٹرز، تاجرز اور دیگرپیشہ ور افراد کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جرائم کی بڑھتی لہر کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں درج شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔