نیول اکیڈمی میں 120 ویں مڈشپ مین اور 28 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

Published On 30 December,2023 11:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان نیول اکیڈمی میں 120 ویں مڈ شپ مین اور 28 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمانِ خصوصی تھے، کمیشن حاصل کرنے والے 88 افسروں میں 12خواتین اور 28 دوست ممالک کے افسر شامل ہیں، نیول اکیڈمی میں بحرین، سعودی عرب، عراق، سری لنکا اور فلسطین کے کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی مجموعی سلامتی افغانستان میں دیرپا امن سے مشروط ہے، نیول چیف نے غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطین کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، علاقائی امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا فوری اور منصفانہ حل ناگزیر ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، سوشل میڈیا کے برے اثرات سے محفوظ رہنا پاکستان نیوی کے ہر فرد کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے، مڈشپ مین ایان یامین نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈشپ مین ثنا اللہ سفیر نے اکیڈمی خنجر حاصل کیا، پریڈ میں اعلیٰ سول و ملٹری افسروں، غیر ملکی مندوبین اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔