کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال نو کی تمام تقربیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی بربریت کے شکار فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال نو کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، فلسطین کے مظلوم شہریوں پر ہونیوالے ظُلم و جبر پر ایم کیو ایم تمام پلیٹ فارمز پر آواز اٹھاتی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس بار الیکشن کا نتیجہ نوٹ کے بجائے ووٹ سے آئیگا، خالد مقبول صدیقی
قبل ازیں نگران وزیر اعظم نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں سال نو کے حوالے سے تمام تقریبات پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر سال نو کے حوالے سے کسی بھی تقریب کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے عوام سے اپیل کی کہ مظلوم و نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نئے سال کو سادگی سے خوش آمدید کہیں، نگران وزیر اعظم کے اعلان کے بعد اسلام آباد کی انتظامیہ نے سال نو کے حوالے سے تمام تقریبات منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔