نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے مناظر قابل افسوس ہیں جن کی کوئی بھی تعریف نہیں کر سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ اس لیے ہوا ہے کہ وہ مزاحمت کر رہے تھے، قانون کے اداروں نے ان کو گرفتار تو کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی ملزم مزاحمت کرتا ہے تو پولیس ایسے ہی پیش آتی ہے، یہ فرق نہیں ہوتا ہے کہ کون سابق وزیر خارجہ ہے اور کون ایک عام شہری ہے، خود پی ٹی آئی کہتی ہے کہ عام شہری سے جو سلوک ہوتا ہے ہمارے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ میرا یہ خیال ہے کہ پولیس شاہ محمود قریشی صاحب کو گرفتار کرنے آئی تھی اس پر وہ باوقار طریقے سے ان کے ساتھ چلے جاتے تو یہ نوبت ہی نہ آتی، ہم بھی پی ٹی آئی کے دور میں گرفتار ہوتے رہے ہیں، ہم نے آگے بڑھ کر خود کو پیش کیا ہے، ہم نے گرفتاری پر اس طرح کی مزاحمت نہیں کی کہ ہمیں دھکے کھانے پڑے ہوں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انسان کی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے، اگر آپ کا وارنٹ ہے، پولیس گرفتار کرنے آئی ہے تو اس کے ساتھ جائیں، اپنا دفاع عدالت کے اندر کریں، ہم نے گرفتاریوں کا سامنا کیا کوئی مزاحمت نہیں کی، ہم نے گرفتاری کو قبول کرکے عدالت سے ریلیف لیا، جیل بھی ہوئی تو ہم نے خندہ پیشانی سے سامنا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جو بڑی انقلابی جماعت بن رہی تھی اس کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ بڑی بزدلوں کی جماعت ہے، اگر آپ کو گرفتار کیا جاتا ہے تو بہادری سے گرفتاری پیش کریں۔