کراچی: (دنیانیوز) رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم جی ڈی اے کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
مسلم لیگ ن اور جی ڈی اے رہنماؤں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے پیر صاحب پگاڑا کی خدمت میں حاضری دی ہے، جی ڈی اے کے اس الیکشن پر کافی تحفظات ہیں، ہمارا 4جماعتی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا نظام بنے گا۔
سعد رفیق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار بھی ہر جگہ سے الیکشن لڑرہے ہیں، ہم نے کسی کو الیکشن لڑنےسے منع نہیں کیا ، سب کا حق ہے، کراچی کو بھی 15سال سے اس کا حق نہیں ملا، کراچی کے امن کیلئے نوازشریف کی حکومت نے رول ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کو پنجاب میں الیکشن لڑنے پر ویلکم کرتے ہیں، گزشتہ 15سالوں میں اہل سندھ کو محرومیاں ہی ملی ہیں، سندھ کھنڈر کا نقشہ پیش کررہا ہے، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو ان کے وسائل ملیں۔
جی ڈی اے وفد نے اس موقع پر کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں آئے وفد نے ہماری باتیں سنی غور سےسنیں، 35 سے 30فیصد ووٹ پیپلز پارٹی مافیا کو پڑتا ہے، ہمارا فوکس باقی 65فیصد ووٹ پر ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے 8فروری کو 15سالہ سسٹم کو تباہ کردیں گے۔