گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کے این اے 78 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
انجینئر خرم دستگیر خان نے آر او دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا خاص کرم ہے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال درست پائی گئی، اب الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں، سیاسی جماعتیں الیکشن کے معاملے میں یکسوں اور پراعتماد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہوگا اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے، آئین الیکشن کمیشن کو ذمہ داری دیتا ہے انہوں نے صاف شفاف اور کرپٹ پریکٹس سے پاک الیکشن کروانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن اور جی ڈی اے کا انتخابات میں مل کر چلنے پر اتفاق
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام ادارے الیکشن کمیشن کی معاونت کے لئے معمور ہیں، عدالت سے توقع ہے یہ جو آئینی ذمہ۔داری الیکشن کمیشن کے کندھوں پر ہیں عدالت ان کی معاونت کریگی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے معاملات میں مختلف مقدمہ بازی اور فیصلے آتے رہے تو انتخابی عمل متاثر ہوگا، بجائے اس کے نئے انفرسٹرکچر اور عوام کی فلاح کی گفتگو ہو یہ بات ہوتی کہ عدالت نے کیا فیصلہ دیا، عدالتیں بھی اسی آئین کے تحت بنی جس نے الیکشن کمیشن کو یہ ذمہ داری دی۔
خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوسناک ہے، مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جس کو رانا ثنااللہ پر ناحق 20 کلو ہیروئن ڈالنے کا زخم لگا ہوا ہے جس کی سزا سزائے موت ہے۔