لاہور: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) اور سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ تیسری جماعت پیدا کرنے کا شوق رکھنے والے بربادی کی سوچ لیکر آئے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ میں اپنی 16 ماہ کی حکومت میں بھی کہتا رہا کہ اب بھی سہولت کاری موجود ہے، ہمارے کیسز عدالتوں سے ختم ہو چکے ہیں، فارن فنڈنگ کیس کو لٹکایا جاتا رہا، لوگ پوچھتے رہے پیسہ کہاں سے آیا، آج کسی کو معصوم کہا جاتا ہے تو ہمیں بے گناہ کیوں نہیں کہا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تو 10 سال تک اطمینان رہا، تیسری جماعت پیدا کرنے کا شوق رکھنے والے بربادی کی سوچ لیکر آئے جس نے 4 سال ملکی نظام کو تباہ کیا، بتایا جائے کہ 9 مئی واقعات پر مٹی کیوں ڈالی جا رہی ہے، قوم کو بتایا جائے سہولت کاروں کے ڈنڈے کہاں ملتے ہیں۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ انصاف کے ادارے، ساسو ماں اور پرویز الہٰی سمیت دوسروں کے حوالے سے آڈیوز لیک ہوئیں، اس پر بار بار بات کرنی چاہئے یہ آڈیوز کون لیک کرتا ہے مگر یہ بتایا جائے کہ کیا یہ آڈیوز سچی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں، سارے تانے بانے انہیں سازشوں سے ملتے ہیں، 9 اور 10 مئی سانحے کی پالیسی بنانے والوں کو سزا نہیں دی جا رہی۔