عام انتخابات تک الیکشن کمیشن افسروں، ملازموں کی ہفتہ، اتوار سمیت تمام چھٹیاں منسوخ

Published On 27 December,2023 08:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے دفاتر ہفتہ وار تعطیلات میں بھی کھلے رہیں گے، عام انتخابات تک الیکشن کمیشن کے افسروں اور ملازموں کی ہفتہ، اتوار سمیت تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

الیکشن کمیشن افسروں کی جانب سے 23 دسمبر کو چھٹی کرنے پرچیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آئندہ عام انتخابات تک عام تعطیل سمیت ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، چیف الیکشن کمشنر نے چھٹی کرنے والے افسروں کو آخری وارننگ دے دی۔

جاری سرکلر کے مطابق الیکشن کمیشن ملازموں کی الیکشن تک ہفتہ وار و دیگر چھٹیاں ختم کردی گئیں، تمام اعلیٰ افسر سٹیشن چھوڑنے سے قبل چیف الیکشن کمشنر سے اجازت لیں گے، 19 گریڈ سے کم کے ملازمین کو سیکرٹری الیکشن کمیشن سے اجازت لینا ہوگی۔

سرکلر میں مزید کہا گیا کوئی اور افسر الیکشن کمیشن کے ملازمین کو چھٹی دینے کا مجاز نہیں ہوگا، 23 دسمبر کو اجلاس میں بعض افسر اہم امور کی انجام دہی کیلئے غیر حاضر تھے، الیکشن کمیشن کے اہلکار اور افسر ہدایت پرسختی سے عملدرآمد کریں۔