لاڑکانہ (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 10 نکاتی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کیلئے 300 یونٹ تک بجلی اور علاج کی سہولت مفت فراہم کریں گے اور 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم بینظیر بھٹو کا 16 واں یوم شہادت منا رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر پورے پاکستان کو ایک ہی پیغام بھیج رہے ہیں زندہ ہے بی بی، 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے سوچا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے پیپلزپارٹی کو ختم کر دیں گے، وہ کسانوں، مزدوروں اور طالب علموں کی آواز دبا دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر قوم کے نام پیغام
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا تھا، زرداری صاحب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا، یہ سب ہماری کامیابیاں ہیں، جس مشکل میں پاکستان کھڑا ہے اب وقت آ گیا ہے اس ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، اس وقت مہنگائی، غربت، بیروزگاری کا حل شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے منشور میں موجود ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم الیکشن لڑنا جانتے ہیں اور آج بھی تیار ہیں، یہ ہمارا ہی مطالبہ تھا کہ الیکشن کراؤ، ہم چاہتے ہیں الیکشن ہوں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے، ہم ان میں سے نہیں جو الیکشن کی تاریخ آگے بڑھاتے ہیں اور کاغذات نامزدگی چھین کر بھاگتے ہیں اس بار بھی ہم ڈٹ کر لڑیں گے اور جتیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن میں نوازشریف کا نعرہ ہوگا ’’مجھےکیوں بلایا‘‘: بلاول بھٹو زرداری
ان کا کہنا تھا کہ بقیہ سیاسی جماعتوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ آئیں اور الیکشن لڑیں، کچھ جماعتیں آج بھی کسی اور کے کندھوں پر سیاست کررہی ہیں، پرانے سیاست دان پرانی سیاست کررہے ہیں مگر ہم نفرت کی پرانی سیاست کو دفن کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری حکومت بنی تو غریبوں کے لئے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کریں گے، بر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی، پانچ سالہ دور میں تنخواہوں کو دگنا کرنا ترجیح ہوگی، غریبوں کو تیس لاکھ گھر بناکر دیں گے، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک سال تک مالی امداد دیں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پورے ملک میں صحت کا مفت نظام متعارف کرائیں گے، ہر ضلع میں گرین انرجی کے نام پر پارک کھولیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کسان کارڈ بھی لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ہم غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے، ہم تین نسلوں سے غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کرتے چلے آئے ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم کسی امتحان سے پیچھے نہیں بھاگے ہیں، آج جس مشکل میں پاکستان ہے اس کیلئے سنجیدگی کی ضرورت ہے، اگر ہم نے مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، ہم نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہے تو آپس کے جھگڑوں کو چھوڑنا پڑے گا، جو پرانے سیاستدان ہیں وہ آج بھی تقسیم کی سیاست کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات میں کنگز پارٹی کا وہی حال ہوگا جو ہم نے 2008ء میں کیا تھا: بلاول بھٹو
چیئرمین پی پی نے کہا کہ حکومت میں آئے تو غریب لوگوں کو سولر دیں گے تاکہ ان کے بلوں کا مسئلہ حل ہوجائے، ہرضلع میں ہم سولر کے ذریعے بجلی پہنچائیں گے، ہم نے تعلیمی اداروں کو فعال کرنا ہے، مفت صحت کا نظام پورے ڈسٹرکٹ تک پہنچائیں گے، حکومت میں آ کر تمام کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان خوشحال تو ملک خوشحال، میں کسان کارڈ دوں گا، ہم کسانوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دلوائیں گے، ہم مزدوروں کو رجسٹرڈ کرائیں گے، گھروں اور دکانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو سپورٹ کریں گے، بلوچستان کے عوام کو پیغام دیتا ہوں ییپلزپارٹی نے صوبہ بنایا اور آپ کو حق دلایا، صوبے کی ترقی ہماری ترجیح ہوگی، میرا پختونخوا کیلئے پیغام ہے آپ نے سلیکٹڈ کا اور دہشتگردی کا مقابلہ کیا، ہم آپ کی ترقی کا بندوبست کریں گے۔