لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے میوہسپتال پہنچے، انہوں نے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیشرفت کاجائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی میں موجود خواتین سے بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی چلڈرن ایمرجنسی میں گئے تو وہاں فلورز پر مزدور غائب تھے اور کوئی کام نہیں ہو رہا تھا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3 شفٹ میں کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے چاروں فلورز پر گئے اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایمرجنسی بلاک کو رواں ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ بلاک میں فرشوں پر ٹائلز لگانے اور وائرنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، ایئر کنڈیشن سسٹم کی تنصیب بھی شروع کر دی گئی ہے، اپ گریڈیشن کا کام رواں ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔