گھریلوتشدد کی شکار بچی رضوانہ ہسپتال سے ڈسچارج، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے

Published On 06 December,2023 03:15 pm

لاہور: (دنیانیوز) سرگودھا میں گھریلو تشدد کی شکار بچی رضوانہ کو 4 ماہ سے زائد عرصے کے بعد جنرل ہسپتال لاہور سے ڈسچارج کر کے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا۔

رضوانہ کو تشدد کے بعد جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا ، رضوانہ نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ میں آج بہت خوش ہوں، میں ٹھیک ہو گئی ہوں، ہسپتال میں میرا بہت خیال رکھا گیا، میں یہاں سے بچوں کے ادارے میں جا رہی ہوں۔

نگران وزیر صحت پنجاب جاوید اکرم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جب رضوانہ چند ماہ پہلےآئی تھی تو میڈیا نے بہت سپورٹ کیا، میڈیکل ٹیم کا شکریہ جنہوں نے رضوانہ کا خیال رکھا۔

 اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی رضوانہ کی مکمل صحت یابی پر دلی خوشی ہوئی ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ڈاکٹرز کی محنت سے 6ماہ بعد بچی رضوانہ کا ہسپتال سے ڈسچارج ہونا خوشی کے لمحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچی رضوانہ، والدہ اور دیگر اہل خانہ کو مبارکباد دیتا ہوں، رضوانہ کا علاج معالجے کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔