لاہور: (دنیا نیوز) ڈینگی نے تیور نہ بدلے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 50 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوگئے۔
حکام محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 24 مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 14 ہزار 517 جبکہ لاہور میں 6644 ڈینگی متاثرین سامنے آئے۔
سیکرٹری صحت علی جان خان نے بتایا کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 3، گوجرانوالہ میں 4، ملتان میں 11 اور فیصل آباد میں 5 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخوپورہ، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 58 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 41 مریض داخل ہیں۔