لاہور: (دنیا نیوز) دنیا میڈیا گروپ کی 15ویں سالگرہ پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیک کاٹا اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے وزیراعلی آفس میں دنیا نیوز کی پندرہویں سالگرہ کا کیک کاٹا، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سمیت وزراء اور اعلیٰ بیوروکریٹ بھی موجود تھے، محسن نقوی نےدنیا نیوز کی مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دنیا نیوزنے ایک ایسے وقت میں صحافت کی دنیا میں اپنا وجود منوایا جب مقابلے کا شدید رجحان تھا، ایک مکمل ادارہ بننے کا سفر انتہائی کٹھن مرحلہ ہوتاہے جسے دنیانیوز کی قابل ٹیم اور انتظامیہ نے نہایت مہارت، محنت اور صحافتی معیارات پر کاربند رہتے ہوئے عبور کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دنیا نیوز نے صحافت کے محاذ پر بھی اپنے وجود کو منوایا ہے، تیز رفتار صحافتی زندگی کے آج کے دور میں خبرکو صداقت کی میزان پر پرکھتے ہوئے آگے بڑھانا ایک کڑا امتحان بن چکا ہے، دنیا نیوز نے اس امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی ہے،دنیا میڈیا گروپ کی مزید ترقی کیلئے دعا گو ہوں۔