لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن لاڈلے اور سپر لاڈلے کے درمیان ہو یہ ممکن نہیں۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام سے دھوکہ ہوا، گزشتہ 70سال سے نظام وہی ہے صرف چہرے بدلتے ہیں، گزشتہ 10سالوں میں جو حکومتیں رہیں وہ ایک تسلسل کا نام ہے کسی انقلاب کا نہیں، آج بھی جہالت، کرپشن کا تسلسل اور ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک پر کسی نے ایٹم بم کا حملہ نہیں کیا پھر ہم کیوں پیچھے رہ گئے؟ سراج الحق
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10سال عوام کیلئے ڈراؤنا خواب رہے، پہلےپی ٹی آئی ، 16ماہ کیلئے مخلوط حکومت رہی،اب نگران حکومت ہے، ہر روز بدامنی اور مایوسی میں اضافہ ہورہا ہے، عام پاکستانی کی زندگی میں کوئی مثبت انقلاب اور تبدیلی نظر نہیں آرہی، سابق حکمرانوں نے صرف اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا عوام کیلئے کچھ نہیں ۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج عام آدمی پریشان ہے ،پورا ملک دلدل میں پھنس گیا ہے، ہمیں ہر بار چہرے نہیں نظام بدلنا ہے، جب کسی قوم کے نوجوان نظام کی تبدیلی کیلئے اٹھتے ہیں تو کامیاب ہوجاتے ہیں، نوجوانوں کی وجہ سے ہی روسی اور نیٹو ٹینکوں کو شکست ہوئی تھی، غزہ کے نوجوان ظالم کا مقابلہ کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اس وقت دنیا میں حق اور باطل کا معرکہ برپا ہے: سراج الحق
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن سودی نظام سے نجات اور کشمیر کی آزادی کا ہو گا، آئندہ الیکشن ظلم و جبر سے نجات کا ہو گا، ہم چاہتے ہیں ملک سے مہنگائی اورغربت کا خاتمہ ہو،8 دسمبر سے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے، کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔