لاڑکانہ: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے سوشل میڈیا کے محاذ پر اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ کے میونسپل سٹیڈیم میں ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا ہوا، جن الزامات کا دور دور تک جمیعت سے کوئی تعلق نہیں تھا وہ بھی لگائے گئے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جتنی ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی اتنی ہمیں عزت ملی، ان کو کیا ملا یہ سب کرکے، جمیعت کی ترقی اور مقبولیت کا سفر کیا رُک گیا؟ آج ہم تن کر سامنے کھڑے ہیں اور وہ لوگ سامنے آتے ہیں تو آنکھیں جھکی ہوتی ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ آج کل ہر کوئی اسی کوشش میں ہے کہ کسی کی کمزوری ہاتھ آئے تو اسے ذلیل اور بے عزت کریں، مسلمان کو قتل کرکے حلال سمجھتے ہیں، مسلمان کی بے عزتی، بے حرمتی کرتے ہیں، یہ ایمان کی نشانی نہیں ہے۔