نوشہرہ: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 75 سال پرانی لکیروں کی پیروی کرتے کرتے ہم تھک چکے ہیں، ہم مزید منافقانہ پیروی کرنے کو تیار نہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی تب ہو گی جب طاقتوروں کی غلامی سے نکل کر رب کی غلامی میں جائیں گے، پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس کے پاس ایٹم بم ہے، ایٹم بم ہونے کے باوجود ہم خوفزدہ ہیں، ہم اپنے ایٹم بم کی حفاظت کے لیے فکرمند رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کی مرکزی مجلس عمومی کا اہم اجلاس 18، 19 نومبر کو طلب کر لیا گیا
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم کب اس دباؤ سے نکلیں گے اور کب قومی غیرت جاگے گی، چھوڑو پرانی لکیروں کو اب نئے زاویئے سے سوچنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی، جاگیردار اور خود کو سیکولر کہنے والے کہتے ہیں علما کا سیاست میں رول کیوں ہے، جمعیت علما اسلام نظریات کا نام ہے، جے یو آئی (ف) ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 16, 2023
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں معاشی بدحالی آچکی ہے، امن کو تباہ کر دیا گیا ہے، جے یو آئی ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ہم تنقید نہیں اصلاح کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کلمے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، 75 سال گزر گئے کیا کبھی بطور قوم ہم نے اپنا محاسبہ کیا۔