لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی رات گئے بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کے دورے پر پہنچ گئے، صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جمال ناصر اور ابراہیم حسن مراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محسن نقوی نے بابو صابو سے سگیاں تک پراجیکٹ کے روٹ کا دورہ کیا، اس دوران پراجیکٹ پر کام کرنے والی شفٹ غائب تھی، سائٹ پر مزدور، کنٹریکٹرز کے سپروائزر اور ایل ڈی اے عملے کے موجود نہ ہونے پر نگران وزیر اعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیف انجینئر اور بابو صابو سے سگیاں تک کام کرنے والی کمپنی کو وارننگ جاری کی، محسن رضا نقوی نے ڈی جی ایل ڈی اے، چیف انجینئر ایل ڈی اے، کنٹریکٹر اور ایل ڈی اے کے عملے کو فوری طور پر موقع پر طلب کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ڈی جی ایل ڈی اے اور کمشنر لاہور علی رندھاوا سے 24 گھنٹے میں وضاحت طلب کرلی اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔
محسن رضا نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ پر کام کرنے والی رات کی شفٹ غائب دیکھ کر بہت افسوس ہوا، بغیر بتائے آیا تو عملہ ہی غائب ہے، ایسے نہیں چلے گا جو صورتحال دیکھی وہ ناقابل برداشت ہے، کام ہو گا تو ہی پوزیشن پر رہیں گے، کام نہ کرنے والے افسران کی ضرورت نہیں۔