شہداکی قربانیاں لازوال،دشمنوں کےعزائم کامیاب نہیں ہونگے:بگٹی

Published On 22 November,2023 10:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں لازوال ہیں ہم ملک دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی، دو جوانوں کی شہادت پر رنج اور افسوس کا اظہار کیا، وزیرداخلہ نے شہید لانس نائیک احسان بادشاہ اور ساجد حسین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگواروں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی ساختہ بم کا دھماکہ، 2 سپاہی شہید

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ملک دشمن عناصر کی امن وامان کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔