پشاور: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل ملک بھر میں یوم طوفان اقصیٰ منانے کا اعلان کر دیا، 14 اکتوبر پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کو فلسطینی بھائیوں کے حق میں بڑے مظاہرے میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرزمین فلسطین پر آگ بھڑک اٹھی ہے، فلسطینی بچے، بوڑھے خواتین اور عام شہریوں پر بمباری کی جارہی ہے، مکانات، پانی پینے کے ذخائر اور ہسپتالوں پر بمباری کی جا رہی ہے، ہر مسلمان اپنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہو کر ان کے موقف کو تقویت دے۔
— Maulana Fazl-ur-Rehman (@MoulanaOfficial) October 12, 2023
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مسلم حکمران اپنے موقف سے ابہام نکال لیں، واضح کریں کہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم حکمران ان کے کھانے پینے اور رہائش کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کر رہا ہے، 75 سال سے عرب زمین پر قابض ہے، فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کو پامال ہوتے ہوئے تماشا دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ و یورپ انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ دے رہے ہیں، کل بعد نماز جمعہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے کئے جائیں، کل کے ان مظاہروں اور اس دن کو "یوم طوفان اقصیٰ" کا نام دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ : پُرتشدد اسرائیلی حملے ، فلسطینی شہداء کی تعداد 1200 سے زائد ہوگئی
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یوم طوفان اقصیٰ پر قوم باہر نکلے اور فلسطینی بھائیوں کو یقین دلائے کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم ہیں، اگر اجازت ملتی ہے تو مسلم جوان محاذ پر جانے کے لئے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس اب فلسطینیوں کے حق میں بہت بڑے مظاہرے کی شکل اختیار کرے گی، پہلے سے زیادہ اہتمام سے اس کانفرنس میں شرکت کریں تاکہ ایک مضبوط اور طاقتور پیغام عالمی دنیا کو پہنچ سکے۔