نگران وزیر داخلہ اور کینیڈین وزیر میں رابطہ، تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Published On 30 October,2023 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن و ریفیوجیز مارک ملر کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں وزرا کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

مارک ملر نے افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی کی اجازت اور سہولیات فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مختلف پروازوں کے ذریعے افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن مارک ملر نے نگران وزیر داخلہ کو کینیڈا دورے کی دعوت دی۔

اس موقع پر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی، قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔