امید ہے طلبہ معاشرے کی تخلیق کیلئے صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے: وزیراعلیٰ سندھ

Published On 28 October,2023 11:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ امید ہے طلبہ باوقار معاشرے کی تخلیق کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے:

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے این ای ڈی یونیورسٹی میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پُروقار تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے باعث مسرت ہے، این ای ڈی یونیورسٹی کی کارکردگی ہمیشہ سے ہی شاندار رہی ہے، این ای ڈی کی انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے مضامین کی وسیع رینج متاثر کن ہے۔

مقبول باقر نے کہا کہ این ای ڈی جدید و عالمی معیارات کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا مرکزبن چکا ہے، یہاں کے ذہین طلبہ ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں، این ای ڈی کے پاس آؤٹ طلبہ پوری دنیا میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں یہ ادارہ ایک کلیدی حیثیت کا حامل رہا ہے، مستحکم پاکستان کے لئے این ای ڈی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے، یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ نےعالمی دنیا پر پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کیا ہے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ آپ کا روشن مستقبل ملک کا روشن مستقبل ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور کوئی بھی اپنے گھر کے معاملات سے بے خبر نہیں رہ سکتا، یہ ہمارا بنیادی نصب العین ہے کہ ہم اپنے ملک کی خوشحالی کے لئے کاوشیں کرتے رہیں۔