لاہور: (ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) نے ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کرنے پر عون چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق عون چودھری کی نواز شریف سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہونے والی ملاقات کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، اس معاملے پر ان سے تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اگر عون چودھری ذاتی حیثیت میں گئے ہیں تو اس کی فوری وضاحت کریں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف گزشتہ روز چار سال بعد پاکستان پہنچے تھے۔
تحریک استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری نواز شریف کا استقبال کرتے ہوئے#NawazSharif #NawazShareef #21ottobre #21Oct pic.twitter.com/DYKbG2fXyc
— M T (@MusakheyraTasv) October 21, 2023
اسلام آباد ایئرپورٹ پر سینیٹر اسحاق ڈار ودیگر لیگی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری کو بھی رن وے کے قریب نواز شریف کا استقبال کرتے دیکھا گیا۔
عون چودھری نے نواز شریف سے مصافحہ کیا اور گلے ملے جس کے بعد دونوں کے مابین کچھ دیر گفتگو ہوئی، انہوں نے نوازشریف کی ہیلی کاپٹر کے دروازے تک رہنمائی کی۔
یاد رہے کہ عون چودھری کا شمار استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔