کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل ملک کو بچائے گی۔
کراچی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ ایم کیو ایم اپنی باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہے، سال 2023ء اس بات کا اعادہ ہے، پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل پاکستان بچائے گی، ملک بنانے والوں کی اولادوں کو ہلکا نہ لو، جلسے نے طے کر دیا کہ ایم کیو ایم یہاں گراؤنڈ پرموجود ہے، یہ ایک سیاسی قوت ہے جسے دبایا تو گیا لیکن ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا جنوری سے اب تک اتحاد کا جو سفر شروع ہوا آج کا جلسہ اسکی کامیابی کی دلیل ہے، جب تقسیم ختم ہوئی تو ایک کے بعد ایک خوشخبری دروازے پر دستک دینے لگی، کراچی کی 70 لاکھ کی آبادی کو بازیاب ایم کیو ایم نے کروایا، قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 03 نشستوں کا اضافہ ہوا، سندھ کے وڈیرے، جاگیردار ایک عرصے سے آپ کے حقوق پر قابض تھے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کراچی کے شہری سندھ کی کل آبادی کا پچاس فیصد سے زائد ہیں، آج صوبے کے15 سالہ آڈٹ کی ضرورت ہے، ہمیں ایس بی سی اے کو دوبارہ کے بی سی اے بنانا ہے، یہ جو ہم سے نشستیں چھینی گئیں اگلے انتخابات میں انہیں واپس لے کرعوام کو دیں گے، ہم نے دس دس سال صعوبتیں جھیلی ہیں، پانچ لاکھ نوکریاں جعلی ڈومیسائل والوں کوبانٹی گئیں، ہم نے جائزحقوق اپنے نوجوانوں کودلوانے ہیں۔