مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ عوام بجلی کے بل جمع نہیں کرائیں گے تو ہم ریاست کا نظام کیسے چلائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پلندری 07 ، راولاکوٹ 8 اور مظفرآباد میں صرف 27 فیصد صارفین نے بجلی بلوں کی ادائیگی کی ہے، اگر بجلی بل بھی جمع نہیں کرائیں گے تو ہم اپنی ریاست کا نظام کیسے چلائیں گے۔
چودھری انوارالحق نے کہا عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہر ایک کو پرامن احتجاج کا حق ہے لیکن پرامن احتجاج کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ قانون کو ہاتھ میں لیں، میں نے عوام کی بات پوری شدت کے ساتھ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ کی ہے، میں ستر سالوں کی محرومیوں کو چار مہینوں میں ختم نہیں کر پاؤں گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا وفاق سے بات کر لی بجلی کو پرانے ٹیرف پر فریز کر دیا لیکن چند عناصر اس معاملے کو کسی اور طرف لے جانا چاہتے ہیں، تمام ایسے عناصر کو جو ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں انکو یہ کلیئر پیغام ہے کہ ریاست ان سے کسی صورت نرمی نہیں برتے گی، مذاکرات کے راستے ہمیشہ کیلئے کھلے ہیں، آپ آئیں ہم آپ کی بات سنیں گے۔
چودھری انوارالحق نے کہا سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کریک ڈاؤن اور حالات سخت خراب ہیں، آزاد کشمیر کے حالات بالکل ٹھیک ہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، جن لوگوں پر ایف آئی آرز ہیں ہم نے 302 کی تو نہیں کیں، وہ اپنی ضمانتیں کروا لیں لیکن یہ کہنا کہ ایف آئی آر کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں اس پر نرمی کیسے دیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا آزاد کشمیر کا ماحول انتہائی روادار خوشگوار ہے، اسے کسی کو بھی خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، میرے پاس سوشل میڈیا کمپین لانچ کرنے کے پیسے نہیں نہ میں سرکاری خزانہ اڑانے کا قائل ہوں، عوام کے ٹیکس کے پیسے کا ایک ایک روپے کا حساب دینے کیلئے تیار ہوں۔