گجرات: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر راجہ سعید اکرم نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیری دونوں بھائی، اپنے حقوق مانگ رہے ہیں۔
چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر راجہ سعید اکرم نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے لوگوں کا کیس ایک جیسا ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف ہے، فلسطین کی الگ سے ریاست ہونی چاہئے، فلسطین کی جنگ کا واحد حل بھی الگ ریاست کا قیام ہی ہے۔
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کشمیری کر رہے ہیں، بھارتی جارحیت کو روکنے میں ہماری پاک افواج کا اہم کردار رہا ہے، کشمیری کنٹرول لائن پر پاکستانی سولجر کا کردار ادا کررہے ہیں، کشمیری جس بربریت کا شکار ہیں اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔
راجہ سعید اکرم نے مزید کہا کہ ایک وقت آئے گا کشمیری بہن بھائی اپنی آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، 75 سالوں سے جاری کشمیریوں کی جدوجہد اب جلد انشاء اللہ رنگ لائے گی۔