کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا دکھ دیکھنے والوں کو ایوانوں میں پہنچائیں گے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا اتنی بڑی تعداد میں لوگ وعدے پر نہیں ارادے پر آئے ہیں، یہ ارادہ اپنے حق کے لیے لڑنے اور ظلم کیخلاف کھڑے ہونے کا ہے، اس جدوجہد کا حصہ بننے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایوانوں میں ان پاکستانیوں کو پہنچائیں گے جنہوں نے پاکستانیوں کا دکھ دیکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکمرانوں کی باتیں سچی ہوتیں تو ہمارے بچے گٹروں میں گر کر مرتے نہیں، مصطفیٰ کمال
خالد مقبول صدیقی نے کہا ہم الیکشن جیتنے نہیں آپ کا دل جیتنے آئے ہیں، آج کراچی کے ہر علاقے میں جتنا بھی پانی ہے ایم کیو ایم کے دور میں ملا ہے، اس تحریک کو ختم کرنے والے مٹ رہے ہیں، ایم کیو ایم پہلے سے متحد، منظم اور مضبوط ہے، سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، ہم خوشحالی کے سفر میں چاہتے ہیں کیماڑی ہمارے ساتھ کھڑا ہو۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے مزید کہا یہ جو ہمارے امیدوار ہیں ان کے پاس کردار کے علاوہ کچھ نہیں، ہمارا آپ سے وعدہ ہے الیکشن میں جیتیں یا نہ جیتیں لیکن یہاں ضرور آئیں گے، کیماڑی کا پورا حق ہے کراچی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے چلے۔