لاہور: (دنیانیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر چہلم حضرت امام حسینؓ کے عزاداری جلوسوں اور مجالس ، عرس داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ کے حوالے سے سکیورٹی پلان فائنل کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چہلم کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں 677 مجالس، 378 جلوس کی سکیورٹی پر 30 ہزار سے زائد افسران ، اہلکار اور رضا کار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
44 مجالس، 05 مرکزی عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 07 ہزار سے زائد افسران، اہلکار و رضا کار تعینات ہوں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام عزاداری جلوسوں، مجالس کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ان کا کہنا ہے مرکزی و حساس مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں۔
مجالس اور عزاداری جلوسوں میں لیڈی پولیس افسران اور اہلکار خواتین کی چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔
آئی جی پنجاب نے حضرت عثمان علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت عثمان علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش ؒ کے سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کیا جائے، عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی انتظامات کیلئے کمیونٹی لیڈرز، علما کرام، امن کمیٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مسلسل کوارڈینیشن رکھیں۔
ان کاکہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول رومز سے چہلم جلوس و مجالس،عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔