کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں کھلے مین ہول نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔
تین بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈھائی سالہ نعمان گزشتہ روز گھر سے نکلا اور کھلے مین ہول میں گر گیا، بدقسمت نعمان اپنے والدین کیساتھ خالہ کے گھر عقیقے کی تقریب میں شرکت کیلئے آیا تھا جہاں وہ کھیلنے کیلئے گھر سے نکلا اور لاپتہ ہو گیا۔
اہلخانہ تلاش کرتے رہے کچھ دیر بعد کھلے مین ہول سے معصوم نعمان کی لاش مل گئی، جشن آزادی کے حوالے سے قومی پرچم سے مناسبت رکھتا ہوا لباس پہن کر معصوم نعمان گھر سے نکلا اور انتظامیہ کی نااہلی کا شکار بن گیا۔
معصوم نعمان کے اہلخانہ کا کہنا ہے اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں علاقے میں اب بھی کئی مین ہول کھلے ہوئے ہیں، انتظامیہ فوری اقدامات کرے تاکہ مزید کوئی قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہو۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے میمن گوٹھ پہنچ کر جاں بحق بچے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے پر دلی رنج و صدمہ پہنچا، میمن گوٹھ میں کھلے مین ہول کو کور کر دیا گیا ہے، لوکل کونسل کی جانب سے علاقے میں کھلے مین ہولز کے تدارک کیلئے اقدامات جاری ہیں۔