(ن) لیگ نے نگران وزیر اعظم کیلئے اسحاق ڈار کو نامزد کر دیا: ذرائع

Published On 23 July,2023 11:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگران وزیر اعظم کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع مسلم لیگ (ن) کے مطابق نگران وزیر اعظم کے معاملے پر مشاورت جاری ہے، اسحاق ڈار کے نام پر پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔

دونوں پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت کی ملاقاتوں میں اسحاق ڈار کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے دونوں جانب کی مشاورتی کمیٹیوں کی ملاقات جلد متوقع ہے۔

دوسری جانب نگران حکومت کے معاملے پر مشاورت کیلئے پیپلز پارٹی نے کمیٹی بھی قائم کر دی ہے، کمیٹی میں وفاقی وزراء خورشید شاہ، نوید قمر اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی شامل ہیں۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسحاق ڈار پر اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کا اتفاق ہو جاتا ہے تو ان کو نگران وزیر اعظم بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ جوشخص نگران وزیر اعظم ہو گا اس کیلئے ضروری ہے کہ حکمران اتحاد میں بھی اتفاق ہو اور پھر اپوزیشن لیڈر اس کے ساتھ اتفاق کریں، اس لیے اس وقت قیاس آرائیاں کرنا قبل از ہوگا۔