سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جدہ میں پاکستانی تاجروں کی ملاقات

Published On 23 July,2023 05:10 am

جدہ : ( دنیا نیوز ) سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ ( ن ) میاں نواز شریف سے پاکستانی تاجروں کے وفد نے جدہ میں ملاقات کی اور ان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد نے مسلم لیگ ( ن ) سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکرٹری ملک منظور حسین اعوان کی قیادت میں ملاقات کی جبکہ وفد میں ملک محمد عاشق، حیات خان، رانا محمد اشرف ، صدر مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ سعودی عرب حافظ امان اللہ، فدا محمد اور محمد شہباز مغل شامل تھے۔

اس موقع پر بزنس کمیونٹی کا کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اور انشاءاللہ آئندہ بھی ہوگا، آپکی قائدانہ اور مدبرانہ ویژن نے ملکی معاشی صورتحال کو دلدل سے نکالا ہے، آپ ہمارا سرمایہ ہیں۔

نواز شریف نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کا خیر مقدم کیا اور وفد کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں اوررسیز پاکستانی اور بزنس کمیونٹی نے معیشت کا سنبھالا دیا ہے۔