اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرپشن کیس میں اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت 10 روز کے لئے منظورکر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اسد قیصر کے خلاف صوابی میں درج کرپشن کے مقدمہ سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔
اسد قیصر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جج نے اسد قیصر کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو آپ نہیں تھے تو درخواست گزار کو تو آنا چاہیے تھا۔
عدالتی استفسار پر وکیل نے کہا کہ معاون وکیل آیا ہوا تھا لیکن وہ بہتر طریقے سے عدالت کو آگاہ نہیں کرسکا۔
بعدازاں عدالت نے اسد قیصر کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو 10 روز تک اسد قیصر کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے اسد قیصر کو کیس میں شامل تفتیش ہونے اور متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیکر درخواست نمٹا دی۔