ہوشاب : ( دنیا نیوز ) بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کے میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو روکنے کیلئے ناکہ بندی کی جس پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی شہید ہوگئے جبکہ ایک جوان زخمی بھی ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
میجر ثاقب حسین نے والدین اور بیوہ سوگوار چھوڑی ہیں جبکہ نائیک باقر علی کے سوگواران میں تین سال کی بیٹی اور بیوہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن
قبل ازیں سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، اس دوران فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد 11 اپریل 2022 کو پولیس پر حملے میں مطلوب تھے، حملے میں 5 پولیس کانسٹیبلز کی شہادت ہوئی تھی، اس کے علاوہ یہ دہشتگرد معصوم شہریوں کیخلاف کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔