کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے جو جو وعدے کیے تھے وہ پورے کریں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ احسن اقبال قابل عزت ہیں، وہ کہہ رہے تھے کہ جب بھی بجٹ بنتے ہیں تو وزیر اعلیٰ کو معلوم ہوتا ہے، احسن اقبال صاحب ہماری عادت نہیں کہ میٹنگ کی خبر لیک کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو، وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزراء مختلف پلیٹ فارمز پر ان چیزوں کو اٹھاتے رہے ہیں، جلسے میں بلاول صاحب نے یہ بات کی تھی، بلاول صاحب ایک بڑی جماعت کے سربراہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب خود سندھ آئے تھے سیلاب کے موقع پر اور کچھ اعلانات کیے تھے، احسن اقبال صاحب آپ کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چائیے، تحریک انصاف کے وزیر اعظم بنے تو ساڑھے تین سال میں ایک بھی سکیم نہیں ملی، شہباز شریف وزیر اعظم بنے تو مراد علی شاہ نے سندھ کا مقدمہ رکھا، جو وعدے کئے تھے وہ پورے ہوں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہماری ایم کیو ایم سے بھی دوستی ہے، ن لیگ سے بھی دوستی ہے، ہماری جماعت اسلامی سے بھی کوئی دشمنی نہیں ہے، سراج الحق صاحب ایک بزرگ آدمی ہیں اور معزز ہیں، سیاست میں دشمنیاں نہیں مقابلے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ ہتھیار رکھتے ہیں، نہ بدمعاشی کرتے ہیں، نہ کسی سے ڈرتے ہیں، ٹاؤن کو اختیارات اسمبلی دے رہی ہے، اختیارات سب کو دیےجا رہے ہیں۔