کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے حلف اٹھا لیا

Published On 19 June,2023 06:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب گلشن جناح پولو گراؤنڈ میں ہوئی۔

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے میئر اور ڈپٹی میئر سے عہدوں کا حلف لیا، اس موقع پر وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزراء کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ مراد 15 جون کو کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے تھے، مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل جماعتِ اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن 160 ووٹ لے سکے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کل صبح مزار قائد پر حاضری دیں گے، قائداعظم کے مزار پر حاضری کے بعد وہ عہدے کا چارج سنبھالیں گے اور چند روز میں کے ایم سی کا نئے مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔