وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی کی سیاسی شخصیات نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
رہنما مسلم لیگ ق امیدوار قومی اسمبلی رانا صغیر گڈو، امیدوار ایم پی اے رانا ندیم اختر نے ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی محمود حیات ٹوچی خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
رانا صغیر گڈو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کی سیاست کی جس سے متاثر ہو کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کی، اپنی سیاست کا آغاز آزاد حیثیت سے کیا لیکن آج حقیقی معنوں میں سیاسی پلیٹ فارم ملا۔
یہ بھی پڑھیں: 2018ء کے مقابلے آج حالات بہتر ہیں، جلد لاہور میں ڈیرہ لگاؤں گا: آصف زرداری
امیدوار قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کا سوچا، فخر ہے اس جماعت کا حصہ بنا ہوں، ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والی سیاسی جماعت کا آج حصہ ہوں جس پر خوشی ہے۔
اس موقع پر محمود حیات ٹوچی خان نے کہا کہ رانا صغیر گڈو اور ان کے رفقاء کار کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، رانا صغیر گڈو کی شمولیت سے وہاڑی میں پارٹی کو مزید طاقت ملے گی، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔