لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے ایک بچی کے انتقال اور دوسری کی حالت تشویشناک ہونے کے معاملے پر ایکشن لے لیا۔
نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے واقعہ سے متعلق 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
ایڈیشنل سیکرٹری سٹیبلشمنٹ سمیت 4 رکنی ٹیم واقعہ کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری سٹیبلشمنٹ، پروفیسر اظہر، پروفیسر عامر نصیر اور مشتاق احمد شامل ہیں ۔
اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی بچے کے جاں بحق ہونے کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کرے ، شفاف انکوائری کے لیے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ضروری شواہد اکٹھے کیے جائیں ۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ میں 24 گھنٹوں میں سفارشات پیش کرنے کی پابند ہوگی۔