کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جو کرنا تھا کر لیا اب حکومت کا امتحان ہے، سازش میں جو ملوث ہے ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں شر پسند عناصر نے سرکاری املاک اور بسوں کو جلایا، شرپسند عناصر کو عبرتناک سزا ہونی چاہیے تاکہ دوبارہ کوئی ایسانہ کرے، 21 مئی کو فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے نکلنے والی ریلی میں سب کو شرکت کی دعوت ہے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ کوشش ہے اس بجٹ میں کم سے کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہو، آج مہنگائی کا طوفان ہے، شہری مہنگائی کے طوفان میں دب چکے ہیں، مخیر حضرات کو مشکل وقت میں آگے آنا ہوگا۔
قبل ازیں گورنر سندھ نے فری بس سروس کا افتتاح کیا، ان بسوں کے روٹس سرجانی ٹاؤن سے ٹاور، اقبال ٹاؤن اورنگی سمد تک ہوں گے، گورنر سندھ نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فری بس ٹرانسپورٹ کے آغاز کو سراہا۔