پہلے 2 پارٹیوں کی باریاں لگتی تھیں، اب 4 لائن میں ہیں: فاروق ستار

Published On 03 May,2023 08:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عوام 75 سالوں سے فیلڈنگ یا باؤلنگ کر رہے ہیں، چند خاندان یا لوگ اس ملک میں صرف بیٹنگ کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پورا ملک اس وقت ذہنی اذیت کا شکار ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ لوگ تنگ اور پریشان ہیں، مہنگائی اور معاشی صورتحال نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، صرف بیٹنگ کرنے والوں سے نظام نہیں چل سکتا، پہلے دو پارٹیوں کی باریاں لگتی تھیں، اب چار پارٹیاں باری کی لائن میں ہیں۔

ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے موقع پر سنگین غلطیاں کیں، کوئی بھی سو فیصد درست یا سو فیصد غلط نہیں، دوسروں کے ہر مؤقف کو غلط اور اپنے مؤقف کو درست کہنے والوں کو سوچنا ہوگا، سیاسی جماعتوں اور اکابرین کو سیاسی بن کر دکھانا ہوگا، اس وقت جو ملک کی صورتحال ہے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، تمام لوگوں کو سیاسی تدبیر کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

فاروق ستار نے مزید کہا ہے کہ کراچی جیسے شہر میں آج پانی، گیس اور بجلی کے بعد آٹے کا بحران سر اٹھا رہا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی توجہ ایسے معاملات پر بھی ہونی چاہیے، شہباز شریف صاحب سمیت سب جماعتوں کو ان مسائل کو دیکھنا ہوگا۔