اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام افغانستان بارے منعقد ہونے والے خصوصی ایلچیوں کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ دیگر ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں علاقائی اور عالمی ممالک افغانستان کی موجودہ صورتحال کو تعمیری بات چیت کے تناظر میں زیربحث لائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قطر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنیوالے بھارتیوں کی کمپنی بند کردی گئی
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گی اور بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ آگے بڑھنے کے راستے کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے بارے کام کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، مستحکم، خودمختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔