اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
قطری سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو قطر کی شوریٰ کونسل کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم کی جانب سے شکریہ کا خط پہنچایا، خط میں قطر کے لیے سینیٹ کی متفقہ قرارداد پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
قرارداد میں قطر اور اس کی قیادت کو کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی گئی تھی، ملاقات کے دوران قطری سفیر نے پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے لوگوں کے درمیان رابطوں کو بڑھانے اور تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں قطر کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔
صادق سنجرانی نے قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا اور سفیر کو تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جو قطر اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں اطراف نے آنے والے برسوں میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔