مظفرآباد ( بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے وادی نیلم میں سیاحوں کی گاڑی کے حادثہ میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈرائیور سمیت 5 افراد زخمی، 8 جاں بحق افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لاپتا سیاحوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔
ضلع نیلم کے بالائی علاقے گریس ویلی پھلاوئی کے مقام پر گزشتہ رات لاہور سے سیر کےلیے آنیوالے سیاحوں کی جیپ تاؤ بٹ سے واپسی پر پھلاوئی کے مقام پر بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد ، پولیس ، پاک فوج کے جوان موقع پر پہنچ گئے،امدادی ٹیموں نے ایک سیاح کی نعش نکال لی جبکہ ڈرائیور سمیت پانچ زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا وادی نیلم میں سیاحوں کو پیش آنیوالے حادثے پر اظہار افسوس
پولیس چوکی افسر پھلاوئی سید امداد شاہ کے مطابق جیپ بے قابو ہو کر دریائے نیلم کے وسط میں جاگری تھی جس کی وجہ سے آٹھ سیاح دریائے نیلم کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے،سیاحوں کی تلاش کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب ان سیاحوں کے زندہ بچنے کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں، پولیس کے مطابق زخمیوں میں دو مقامی افراد کے علاوہ تین سیاح بھی شامل ہیں ، جبکہ ایک سیاح کی نعش کو مظفرآباد سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: بہاولنگر: تیز رفتار رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں جا گرا، 9 افراد ڈوب گئے
حادثے کا شکار ہونے والوں میں غلام میر ،معین، حسنین شہزاد ، شاہ نواز ، مقصور ، ولید ابرار، حسن صفدر، زین صفدر، بلال مقبول، اظہر اشرف ، رحیم خان، راحیل شامل ہیں جن کا تعلق لاہور اچھرہ کی ایک ہی فیملی سے ہے جبکہ جائے وقوعہ سے صرف غلام میر کی لاش مل سکی ۔
لواحقین کے مطابق معین، زین صفدر اور حسنین کی حالت تشویش ناک ہے، دیگر کی تلاش کے لیے وادی نیلم میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔