اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے نیلم جہلم پراجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پراجیکٹ بحالی کے تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ حکام کی جانب سے بحالی کے جاری کام پر بریفنگ بھی دی گئی، پراجیکٹ حکام نے بتایا کہ بین الاقوامی ماہرین کی رپورٹ کے مطابق پراجیکٹ بحالی کا کام جاری ہے، ٹیل ریس ٹنل میں کنکریٹنگ کیلئے ہائیڈرالک شٹر نصب کیا جا رہا ہے۔
پراجیکٹ حکام نے مزید بتایا کہ پراجیکٹ کی بحالی کے دیگر کام بھی بیک وقت جاری ہیں، اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ سے بجلی کی دوبارہ پیداوار جولائی کے آخر تک شروع کی جائے۔