لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سہولت کار عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو آج تک بے نقاب نہیں ہونے دیا جا رہا، عمران خان بار بار اقرار جرم کر رہے ہیں، ہر ایک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، بتایا جائے اصل حقیقت ہے کیا، سچ سامنے لانا اداروں میں بیٹھے لوگوں کی ذمہ داری ہے، اداروں میں بیٹھے لوگوں نے عمران خان کے ساتھ مل کر منصوبہ سازی کی، نوازشریف کو سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایا گیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آڈیو لیکس کا نوٹس کیوں نہیں لیا جا رہا؟ آئین وقانون کا اطلاق مارچ، اپریل 2023 میں ہی کیوں یاد آ رہا ہے، جب آئین ری رائٹ کی جا رہا تھا اس وقت آئین، قانون کا اطلاق کیوں یاد نہیں آیا، اداروں میں بیٹھے لوگ آئین و قانون کے مطابق ایک پیج پر ہونے چاہئیں، اب ریاست کسی اور قربانی کی متحمل نہیں ہے۔
جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ آج غلیل بردار، پٹرول بم والے لوگ ان کو کٹہرے میں لانے سے روک رہے ہیں، کسی کے دباؤ میں انتشار پسند ٹولے سے مذاکرات ہو رہے ہیں، رواں برس گندم کی وافر مقدار میں پیداوار ہوئی ہے، آج ہم آئی ایم ایف کے بغیر چلنا شروع ہو رہے ہیں۔