نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کیلئے صوبائی اسمبلیاں توڑی گئیں، عمران خان نے آج تک کوئی الیکشن سہولت کاروں کے بغیر نہیں جیتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی 2 حکومتیں کسی جذبے کے تحت ختم نہیں کی تھیں بلکہ سازش کے تحت اسمبلیاں تحلیل کیں اور انہوں نے خود جنرل باجوہ کے کہنے پر حکومتیں توڑنے کا اعتراف کیا، چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا 1997 سے آج تک قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک روز ہوتے ہیں، ایک مخصوص جماعت کے فیصلوں کو ملک پر مسلط نہ کیا جائے، الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو مدت پوری کرنی چاہیے، ملک میں کسی قسم کا آئینی یا جمہوری بحران نہیں ہے، صرف ایک شخص کی حمایت، ضد اور انا کا بحران ہے۔