اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی
یوم مزدور پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود محنت کشوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کو غیر محفوظ ماحول،مزدوری کے غیر منصفانہ طریقے اور کم اجرت جیسے مسائل کا سامنا ہے، عدم تحفظ، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسگی جیسے مسائل بھی درپیش ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے، وفاقی، صوبائی حکومتیں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اور ہنر فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے، آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم ملک کی ترقی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے جبکہ اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اسلام نے عالمی لیبر قوانین سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق سے متعلق رہنما اصول طے کر دیئے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں، موجودہ حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے، حکومت نے مزدوروں کی کم ازکم اجرت 17500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے کر دی ہے۔
آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے پیپلز پارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے ، پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر مزدوروں کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی، بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ بے نظیر بھٹو کی طرح محنت کشوں کا ساتھ دینگے۔
بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مزدوروں و کسانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائیں گے، جبکہ آئندہ عام انتخابات میں اگر عوام نے مینڈیٹ دیا تو پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی طرح ملک بھر کے مزدوروں کے لئے بھی بینظیر مزدور کارڈ جیسی سکیمیں شروع کرے گی۔