پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ہم نے حکومت سنبھالی: قمر زمان کائرہ

Published On 30 April,2023 09:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کر دیا تھا، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے حکومت سنبھالی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈیجیٹل میڈیا مہم کارکنوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، یہاں تو لوگ جھوٹ پھیلا رہے ہیں، ہمارے پاس تو حقائق ہیں، ہم سچ بھی نہیں بتا سکتے؟، بدترین مخالف بھی اعتراف کرتے ہیں کہ بھٹو محسن پاکستان تھے، بھٹو شہید کی پھانسی پر مٹھایاں بانٹنے والے آج تعریفیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی ایک بار پھر لاہور کا قلعہ فتح کرے گی: شرجیل انعام میمن

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نئے منشور بعد میں دینا پہلے بتاؤ ساڑھے چار سال کیا کیا؟، نو سال تک خیبرپختونخوا پر حکومت کی بتاؤ کیا منصوبے لگائے، سوائے مخالفین کی کردار کشی کے عمران خان نے کچھ نہیں کیا، انہوں نے روز یوٹرن لیے، قوم کو خواب دکھائے، عمران خان کے کریڈٹ میں کوئی ایک بھی منصوبہ ہے تو بتائیں۔

وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ عمران خان بتائے مدینہ کی ریاست کیلئے کیا قانون سازی کی، سیاسی قیادت عوام کو خواب دکھا کر منزل تک پہنچاتی ہے، تمام دوست ممالک پاکستان سے منہ موڑ چکے تھے، ہم نے آکر خارجہ پالیسی کو بہتر راہ پر گامزن کیا، بلاول بھٹو اپنے نانا اور ماں کی طرح ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کی کنجی ہے۔